بحری قزاقوں کی جانب سے جاری کردہ تازہ تصویر میں تمام پاکستانی ایک چھوٹے سے کمرے میں باحفاظت بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں
14 روز سے قید ان پاکستانیوں میں سے کچھ کی طبیعت ناساز ، صومالی قزاق رابطہ کرنا چاہتے ہیں لیکن تاحال ایسا ممکن نہیں ہو سکا:انصار برنی
کراچی(آئی این پی ) بحری قزاقوں نے اونر 25 جہاز پر یرغمال پاکستانیوں کی نئی تصویر جاری کردی جبکہ اہل خانہ سے یرغمال بنائے گئے پاکستانیوں کی بات چیت بھی ہوئی۔تفصیل کے مطابق صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے بحری جہاز اونر 25 کے عملے کی بحالی کی امیدیں روشن ہو گئیں۔انسانی حقوق کے رہنما انصار برنی نے قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانیوں کی ان کے اہل خانہ سے بات کروا دی جبکہ بحری قزاقوں نے یرغمال پاکستانیوں کی نئی تصویر بھی جاری کردی۔بحری قزاقوں کی جانب سے جاری کردہ تازہ تصویر میں تمام پاکستانی ایک چھوٹے سے کمرے میں باحفاظت بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انصار برنی کا کہنا تھا کہ 14 روز سے قید ان پاکستانیوں میں سے کچھ کی طبیعت ناساز ہے، صومالی قزاق حکومت سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں لیکن تاحال ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جہاز کے مالک نے تعاون نہ کیا تو اسے عالمی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔انصار برنی نے مزید کہا بحری قزاقوں کی طرف سے ابھی تک کوئی ڈیمانڈ سامنے نہیں آئی ہے، یرغمالیوں میں بھارتی شہری بھی شامل ہے، جس کو بھارت نے پہچاننے سے انکار کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی حکومت ان کا ساتھ دے تو ایک ماہ کے اندر تمام عملے کی بحفاظت واپسی ممکن بنائی جا سکتی ہے، اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے کیا اقدامات کرتی ہے۔