صومالیہ : بحری جہاز اغوا ،165 دن گزر گئے، مغوی پاکستانیوں کی طبیعت خراب

حکومت  فوری مداخلت کرے تاکہ یرغمالیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے: اہل خانہ  
 کراچی(آئی این پی )صومالیہ میں بحری جہاز کے اغوا کو 165 دن   گزر گئے، جبکہ جہاز میں یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی ملاحوں کی نئی تصاویر سامنے آ گئی ہیں۔اس صورتحال کے بعد کراچی میں مغویوں کے اہل خانہ نے ایک بار پھر حکومت سے اپنے پیاروں کی فوری بازیابی کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا  مطالبہ کیا ہے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بیشتر مغوی پاکستانیوں کی طبیعت انتہائی خراب ہے اور انہیں فوری طبی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مغویوں کے ساتھ ان کا کوئی رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔دوسری جانب جہاز کے سیکنڈ آفیسر نے بتایا ہے کہ بحری قزاق جہاز کو دوبارہ اسی جگہ واپس لے جا رہے ہیں جہاں سے وہ اسے اغوا کر کے لائے تھے۔ اہل خانہ نے اپیل کی ہے کہ حکومت اس معاملے میں فوری مداخلت کرے تاکہ یرغمالیوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے