کراچی، قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کے اہلخانہ پر پولیس کا دھاوا

دھرنے میں بیٹھے متعدد افراد گرفتار، سامان اٹھا کر پھینک دیا گیا،لاٹھی چارج ، گرفتاریاں  افسوسناک عمل،مظاہرین
کراچی(آئی این پی )صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یر غمال پاکستانیوں کے اہلخانہ نے کراچی میں احتجاج کیا، پولیس نے کئی مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔تفصیل کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر وزارت خارجہ کے دفتر کے باہر پولیس نے کریک ڈائون کیا، پولیس نے دھرنے میں بیٹھے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا جبکہ مظاہرین کا سامان اٹھا کر بھی پھینک دیا گیا۔ مظاہرین گزشتہ رات سے منسٹری آف فارن افیئرز کے دفتر کے قریب دھرنے پر بیٹھے تھے۔مظاہرین نے   بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا عندیہ دے رکھا تھا۔مظاہرین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ اپنے پیاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے پرامن احتجاج کررہے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ان پر لاٹھی چارج کرنا اور گرفتاریاں کرنا افسوسناک عمل ہے۔