لاہور:
پنجاب میں شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولت دینے کے لیے ای ٹیکسی منصوبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں ماس ٹرانزٹ پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں یلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فزیبلٹی اسٹڈی رپورٹ اور ایکو فرینڈلی ای ٹیکسی پراجیکٹ کے حوالے سے اہم تفصیلات پیش کی گئیں۔اجلاس میں ای ٹیکسی کے فنانشل ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی اور 1100 ای ٹیکسیز کے پائلٹ پراجیکٹ کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی ای چارجنگ اسٹیشنز کے لیے سولر پاور سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ گجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کی سہولت کے مطابق روٹس کا تعین کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے جناح ٹرمینل تا ہربنس پورہ یلو لائن پراجیکٹ پر جلد از جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ای ٹیکسی پراجیکٹ کے حوالے سے سبسڈی کی فراہمی اور پٹرول پمپس کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کی تجویز پر بھی بات کی گئی۔