پنجاب کے مثالی گاؤں منصوبے میں اہم پیش رفت، 61 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکے منظور

پنجاب کے مثالی گاؤں منصوبے میں اہم پیش رفت، 61 ارب روپے کے ترقیاتی ٹھیکے منظور

پنجاب حکومت کے 61 ارب 12 کروڑ روپے مالیت کے مثالی گاؤں منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت 485 دیہات کو ترقیاتی منصوبے میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

منصوبے کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہات کی شمولیت کی منظوری دی، جبکہ وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو منصوبے کی جلد تکمیل کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے پہلے مرحلے میں 40 دیہات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔منصوبے کے تحت دیہات میں صاف پانی کی فراہمی، جدید ڈرینیج نظام، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس، بچوں کے لیے جدید پارکس، اسٹریٹ لائٹس اور گلیوں کی پختگی سمیت مختلف ترقیاتی کام کیے جائیں گے تاکہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔

حکام کے مطابق 463 دیہات کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ 22 دیہات کے منصوبوں کے لیے دوبارہ ٹینڈر جاری کیے جائیں گے۔حکومت کے مطابق اس منصوبے سے پنجاب کے تقریباً 34 لاکھ دیہی شہری جدید بنیادی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔