وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے گلبرگ سکیم بلاک تھری میں جاری پائلٹ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے انہیں منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
گلبرگ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل پراجیکٹ
بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ مربوط ترقیاتی منصوبہ شہر کی انفراسٹرکچر بہتری میں انقلابی قدم ثابت ہوگا، جس کے ذریعے لاگت اور مینٹیننس اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ منصوبے کے تحت:سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ساتھ یونیفارم گرین بیلٹ، فٹ پاتھ اور سائیکلنگ واک وے بنائے جا رہے ہیں۔بارش کے پانی کے نکاس کے لیے جدید واٹر ڈرینج سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ گراؤنڈ واٹر ری چارجنگ کے لیے گرین بیلٹ کو روڈ لیول سے نیچے رکھا جائے گا۔سولر اسٹریٹ لائٹس، یونیفارم سائن بورڈز اور زیر زمین بجلی و انٹرنیٹ کیبلز نصب کی جا رہی ہیں تاکہ شہر کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔
آئندہ منصوبے
ایل ڈی اے اس ماڈل کے تحت مزید ترقیاتی منصوبے شروع کرے گا، جن میں:
سبزہ زار مین بلیوارڈ کی سسٹین ایبل ری ماڈلنگ
جوہر ٹاؤن جی ون مارکیٹ کی تعمیر و بحالی
ٹھوکر نیاز بیگ انٹری پوائنٹ اور ٹولنٹن مارکیٹ کی ڈویلپمنٹ شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا عزم
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منصوبے کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام شہروں کی جدید انداز میں تعمیر و ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ شہریوں کی سہولت اور ماحولیات کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی کام بروقت مکمل کیے جائیں۔یہ منصوبہ لاہور کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔