اداکارہ مومنہ اقبال نے حال ہی میں اپنے چوری شدہ سامان کو واپس حاصل کرنے کے حوالے سے اہم انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کی گاڑی سے قیمتی سامان چوری ہو گیا۔ چوری ہونے والی اشیاء میں آئی فون، ایئر پوڈز، کپڑے، جوتے، دیگر ذاتی سامان اور ان کے مرحوم والد کا بٹوہ شامل تھا، جس کے کھونے پر وہ شدید پریشان ہو گئی تھیں۔مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ٹیم کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتی تھیں، اس لیے ابتدا میں پولیس کو اطلاع نہیں دی، لیکن بعد میں مجبوراً رپورٹ درج کرائی۔ انہوں نے خود تحقیقات کا آغاز کیا اور اپنی دوست اداکارہ طوبیٰ انور کی مدد سے ’’فائنڈ مائی آئی فون‘‘ فیچر کے ذریعے فون کی لوکیشن معلوم کی۔
فون کی لوکیشن کے بعد پولیس کو درست مقام فراہم کیا گیا اور کیس کی پیروی کی گئی۔ اس کوشش کے نتیجے میں اداکارہ کو زیادہ تر سامان واپس مل گیا، جس میں والد کا قیمتی بٹوہ بھی شامل تھا۔مومنہ اقبال نے اس واقعے کو اپنی ذمہ داری اور خود کفالت کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحیح معلومات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے چوری شدہ اشیاء واپس حاصل کی جا سکتی ہیں۔