اداکارہ مومنہ اقبال جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی، تاریخ کا انکشاف

اداکارہ مومنہ اقبال جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گی، تاریخ کا انکشاف

اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تاریخ سامنے آ گئی ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر گزشتہ کئی دنوں سے ان کی شادی سے متعلق مختلف خبروں اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔

تفصیلات کے مطابق اب اداکارہ کی بہن رمشا اقبال نے ان خبروں کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے اور بتایا ہے کہ مومنہ اقبال جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہی ہیں۔تاہم شادی کی خبروں کے ساتھ ساتھ اداکارہ ایک سنگین تنازع کا بھی شکار رہی ہیں۔ حال ہی میں مومنہ اقبال نے انکشاف کیا تھا کہ انہیں اور ان کے اہل خانہ کو ایک بااثر سیاسی شخصیت کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔اس معاملے کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری بھی شیئر کی تھی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کی۔ رپورٹ کے مطابق ان کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ایک صوبائی ایم پی اے کو بھی طلب کیا تھا، جبکہ گزشتہ روز مذکورہ سیاسی شخصیت اپنے وکلاء کے ہمراہ ادارے کے دفتر میں پیش بھی ہوئی۔اداکارہ کی قانونی پیروی ان کی بہن رمشا اقبال کر رہی ہیں، جو پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں۔

 رمشا اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیس میں پیشرفت کو مثبت قرار دیا اور میڈیا کے کردار کو سراہا۔انہوں نے بتایا کہ مومنہ اقبال کی شادی محمد حمزہ حبیبی سے طے پائی ہے اور نکاح یکم جون کو ہوگا۔ ان کے مطابق یہ رشتہ دونوں خاندانوں کی باہمی رضامندی سے طے ہوا ہے اور ہونے والے شوہر ان کے قریبی رشتہ دار نہیں ہیں۔رمشا اقبال نے مزید کہا کہ مومنہ اقبال کے کیس کی پیروی وہ خود کریں گی اور انہیں قانونی معاملات میں مکمل مہارت حاصل ہے، کیونکہ انہوں نے بیرون ملک سے قانون کی تعلیم حاصل کی ہے۔مجموعی طور پر اداکارہ کی ذاتی زندگی اور قانونی معاملات دونوں اس وقت خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، جبکہ کیس کی مزید پیشرفت اور شادی سے متعلق تفصیلات آئندہ دنوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔