انسانی جان اور وقار سیاست سے بالاتر ہیں ‘ اس پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جانی چاہیے:رہنما پی پی
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹویٹ میں قاسم گیلانی نے کہا کہ حکومت فوری طور پر عمران خان کو ان کے اپنے پسندیدہ ڈاکٹروں کے ذریعے بہترین ممکن طبی علاج فراہم کرنے کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ دوران قید عمران خان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور ان کی طبی سہولتوں کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے۔قاسم گیلانی نے مزید کہا کہ جیل حکام کی جانب سے اگر کسی قسم کی غفلت پائی گئی، تو اس کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان اور وقار سیاست سے بالاتر ہیں اور اس پر کسی قسم کی سیاست نہیں کی جانی چاہیے