احتجاج کیلئے حالات نامناسب،قاسم اور سلیمان نہیں آئیں گے: شیرافضل مروت

 بانی کے بچوں کو اس بات پر جھونکا جارہا ہے کہ لوگ زیادہ آئیں گے تو ان کی اپروچ غلط ہے ،انٹرویو
 اسلام آباد(آئی این پی )رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ مجھے علم ہے کہ بانی کے بیٹے قاسم اور سلیمان نہیں آئیں گے، اس وقت حالات احتجاج کیلئے بالکل نامناسب ہیں۔ ایک انٹرویو میں شیرافضل مروت نے کہا کہ رہنمائو ں کو بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں پر رحم کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کا ہر لیڈر کہہ رہا ہے قاسم اور سلیمان تحریک جوائن کریں گے، پی ٹی آئی لیڈر اس طرح کی باتیں کرکے کارکنوں کو امید دلا رہے ہیں، پی ٹی آئی کا ورکر بانی کو لیڈر مانتا ہے، رشتہ دار لیڈر نہیں ہوسکتے، بانی کے بچوں کو اس بات پر جھونکا جارہا ہے کہ لوگ زیادہ آئیں گے تو ان کی اپروچ غلط ہے۔انھوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے اس وقت حالات احتجاج کیلئے بالکل نامناسب ہیں، میں نہیں دیکھ رہا کہ احتجاج ہوگا اور لوگ نکلیں گے۔شیرافضل نے کہا کہ آنے والا محرم بھی گزر جائیگا، پی ٹی آئی رہنمابیمار پڑنا شروع ہوگئے ہیں، ان سے تحریک کی توقع نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کو سب اچھا ہے کی رپورٹ دی جاتی ہے، حقیقت نہیں بتائی جاتی، بانی پی ٹی آئی کو رپورٹ دی جاتی ہے کہ لوگ باہر نکلنے کیلئے دیوانے ہیں۔شیرافضل نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنمائو ں نے قیادت کو خود مشکوک بنایا، سب کیخلاف فتوے دئیے، پی ٹی آئی کی موجودہ لیڈرشپ میں کونسی ایسی شخصیت ہے جس کے پیچھے عوام ہے؟۔