سعودی حکومت کا اعلان: 16 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی

سعودی حکومت کا اعلان: 16 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی

مکہ مکرمہ: سعودی وزارت شماریات کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین حج ادا کر چکے ہیں۔

 ان میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام دنیا کے 171 مختلف ممالک سے آئے جبکہ سعودی عرب کے اندر سے 1 لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے حج کے فریضے کی ادائیگی کی۔مجموعی حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل ہیں، جسے حج کی تاریخ میں ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔رکنِ اعظم وقوف عرفہ کا فریضہ جمعرات کے روز مکمل ہوا، جس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوئے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کرکے ادا کی گئیں۔حج کے دوران خطبۂ حج میں فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی: "اے اللہ! فلسطینیوں کو امن عطا فرما اور دشمنوں پر انہیں غالب کر دے۔"فجر کی نماز کے بعد حجاج منٰی روانہ ہوئے جہاں رمی جمرات (کنکریاں مارنا)، قربانی اور احرام کھولنے کے مناسک بھی ادا کیے گئے۔