رواں سال حج کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے عازمینِ حج کی سعودی عرب آمد کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے۔
سعودی حکام نے اب تک پہنچنے والے حجاج کرام کی تازہ ترین تفصیلات جاری کر دی ہیں۔سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 مئی 2025 تک مجموعی طور پر 7 لاکھ 55 ہزار 344 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان میں اکثریت نے فضائی راستہ اختیار کیا۔
سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق:
7 لاکھ 25 ہزار 297 حجاج ایئرپورٹس کے ذریعے پہنچے
27 ہزار 225 زمینی راستے سے
جبکہ 2 ہزار 822 عازمین نے سمندری راستہ اختیار کیا
حکام کے مطابق تمام داخلی پوائنٹس پر حجاج کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف زبانوں میں مہارت رکھنے والا عملہ بھی تعینات ہے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے افراد کو آسانی فراہم کی جا سکے۔سعودی عرب کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ حج کے موقع پر عازمین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ تمام مناسک پرسکون اور منظم انداز میں ادا کیے جا سکیں۔