اسلام آباد: پاکستان علما کونسل نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر کل ملک بھر میں یومِ تشکر و یومِ دعا منانے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین علما کونسل طاہر اشرفی نے اپنے بیان میں کہا کہ "اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین کے دفاع کی سعادت عطا کی ہے۔" انہوں نے پاکستانی قیادت، فیلڈ مارشل اور سعودی ولی عہد کو اس معاہدے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔یاد رہے کہ گزشتہ شب سعودی ولی عہد اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اس تاریخی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے اور خطے سمیت دنیا میں امن کے قیام کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ موجودہ اور مستقبل کے خطرات کے تناظر میں یہ معاہدہ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔
معاہدے کی شقوں کے مطابق، دونوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مربوط اور مستحکم کیا جائے گا جبکہ کسی ایک ملک پر بیرونی مسلح حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس طرح دونوں ملک مشترکہ طور پر ہر خطرے کا مقابلہ کریں گے۔