عیدالاضحی، قصاب نے نرخ بڑھا دئیے ،

عیدکے تین دن قصابوں نے ڈبل عید جمع کرنے کی ٹھان لی ، اناڑیوں کے بھی وارے نیارے
لاہور (کرائم رپورٹر) عید قربان کے قریب آتے ہی پیشہ ور قصابوں نے وی آئی پی جانور کے ساتھ ساتھ عام جانور ذبح کرنے کے لئے بھی نرخ بڑھا دئیے جبکہ اناڑی بھی میدان میں آگئے۔ تفصیل کے مطابق شہریوں نے جانور تو خرید لیا اب ذبح کر انے کیلئے قصاب کی تلاش شروع کردی ہے۔ عید قربان کے تین دن قصابوں نے ڈبل عید جمع کرنے کی ٹھان لی۔ پیشہ ور قصابوں کے ساتھ ساتھ ٹولیوں کی شکل میں دور دراز علاقوں سے اناڑیوں نے بھی شہر میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ قصابوں نے لاہور میں پہلے دن بکرا ذبح کرنے کے 10ہزار، گائے 18ہزار اور دوسرے دن بکرے کے 6ہزار جبکہ گائے ذبح کرنے کے 10ہزار روپے نرخ مقرر کئے ہیں۔ اناڑی قصابوں نے بھی شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے کی ٹھان لی اور آدھے پیسوں میں بڑا اور چھوٹا جانور ذبح کرنے کی بکنگ شروع کر رکھی ہے۔شہریوں کا کہنا تھا قصابوں کی جانب سے وی آئی پی جانوروں کی قربانی کے لئے منہ مانگی اجرت طلب کی جارہی ہے۔