ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں آج سے 30 اپریل تک شدید گرمی کی لہر یعنی ہیٹ ویو کا امکان ہے۔
اس دوران درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ ہیٹ ویو کے باعث عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے اقدامات اپنائیں۔ادھر کراچی میں بھی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ آج اور کل شہر کا درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جب کہ ہفتے کے روز یہ 39 ڈگری کو بھی چھو سکتا ہے۔ تین روزہ ہیٹ ویو کے دوران شہر میں گرم اور مرطوب موسم ریکارڈ کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں، خاص طور پر جنوب مغرب کی سمت سے، بحال رہنے کا امکان ہے، جو کہ گرمی کے اثرات کو کسی حد تک کم کر سکتی ہیں۔عوام الناس سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گرمی کی شدت کے پیش نظر محتاط رہیں، خاص طور پر بزرگ، بچے اور بیمار افراد ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے ضروری تدابیر اختیار کریں۔