بشریٰ انصاری کا سابق داماد سے متعلق بڑا انکشاف، بیٹی سے دھوکہ دینے کا دعویٰ

بشریٰ انصاری کا سابق داماد سے متعلق بڑا انکشاف، بیٹی سے دھوکہ دینے کا دعویٰ

پاکستان کی  اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے سابق داماد سے متعلق انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ان کی بیٹی کے ساتھ دھوکہ کیا اور بعد ازاں اسے چھوڑ کر اپنی زندگی میں آگے بڑھ گئے۔

اپنے حالیہ وی لاگ میں بشریٰ انصاری نے بڑی بیٹی نریمان انصاری کی طلاق سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے سابق داماد نے نہ صرف ان کی بیٹی کو دھوکہ دیا بلکہ بچوں کو بھی چھوڑ دیا اور مبینہ طور پر اثاثے لے کر الگ ہو گیا۔اداکارہ نے کہا کہ معاشرے میں ایسے تعلیم یافتہ مگر بظاہر خوش اخلاق افراد بھی موجود ہوتے ہیں جو اپنی گفتگو اور رویے سے دوسروں کا اعتماد حاصل کر لیتے ہیں، لیکن بعد میں ان کا طرزِ عمل بالکل مختلف ثابت ہوتا ہے۔ ان کے مطابق بعض لوگ مالی مفادات کے لیے رشتے قائم کرتے ہیں اور پھر بغیر کسی معقول وجہ کے انہیں ختم کر دیتے ہیں۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ انہیں حیرت ہوتی ہے کہ ایسے افراد کو بعد میں بھی پڑھی لکھی خواتین زندگی کا ساتھی بنا لیتی ہیں، حالانکہ ان کے ماضی کے بارے میں معلومات موجود ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق ایسے لوگ اپنے نرم لہجے اور بظاہر اچھے اخلاق کے ذریعے دوسروں کو متاثر کرتے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ وہ خدا کا شکر ادا کرتی ہیں کہ ان کی بیٹی اب محفوظ ہے، اپنی زندگی میں خوش ہے اور نئے سفر کا آغاز کر چکی ہے۔ انہوں نے اس طرح کے واقعات کو معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رشتوں میں اعتماد اور کردار کی اہمیت کو ہمیشہ مقدم رکھنا چاہیے۔