پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی بیٹی نریمان انصاری کے سابق سسرال والوں کے رویے پر شدید ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹی نے رشتے نبھانے اور سسرال کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن علیحدگی کے بعد سابق سسرال نے نریمان اور ان کے بچوں کی خیریت تک دریافت نہیں کی۔
بشریٰ انصاری نے اپنے حالیہ وی لاگ میں بیٹی کی ازدواجی زندگی اور علیحدگی کے بعد پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نریمان نے اپنی ساس اور نندوں کا بھرپور خیال رکھا، انہیں کینیڈا بھی بلایا اور ہمیشہ عزت و احترام دیا، تاہم انہیں بدلے میں وہ محبت اور ہمدردی نہیں ملی جس کی وہ توقع رکھتی تھیں۔اداکارہ نے سابق سسرال کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بیٹے کی باتوں میں آکر کوئی شخص اپنے ہی پوتے پوتیوں سے اتنا بے حس کیسے ہو سکتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان اختلافات اپنی جگہ، لیکن خاندان کے بزرگوں کو ایسے معاملات میں بڑے دل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
بشریٰ انصاری نے مزید بتایا کہ ان کی بیٹی نریمان ایک سنگل مدر کی حیثیت سے زندگی کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ اداکارہ کے مطابق نریمان شادی کے دوران بھی عملی طور پر بچوں کی ذمہ داریاں خود ہی نبھاتی رہی ہیں، کیونکہ ان کے سابق شوہر گھر کے اخراجات میں حصہ نہیں لیتے تھے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ بیٹی اور داماد دونوں کو گھر لے کر بھی انہوں نے ہی دیا تھا، تاہم ان کے بقول داماد نے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔