بشریٰ انصاری نے یوٹیوب آمدنی سے متعلق حقیقت بتا دی

بشریٰ انصاری نے یوٹیوب آمدنی سے متعلق حقیقت بتا دی

پاکستان کی  سینئر اداکارہ، میزبان اور مصنفہ بشریٰ انصاری نے اپنی یوٹیوب آمدنی سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ جتنی کمائی کا اندازہ لگاتے ہیں، حقیقت اس سے بالکل مختلف ہے۔

بشریٰ انصاری گزشتہ کچھ عرصے سے اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی روزمرہ زندگی، سفر اور نجی مصروفیات پر مبنی وی لاگز بھی بنا رہی ہیں اور اپنا یوٹیوب چینل باقاعدگی سے چلا رہی ہیں۔حال ہی میں اداکارہ نے نادیہ خان کے ساتھ ایک یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کے دوران اپنے یوٹیوب سفر اور آمدنی کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹیوب پر وی لاگنگ شروع کرنے کا خیال نادیہ خان کے اصرار پر آیا، جبکہ جویریہ نے بھی ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور دونوں نے انہیں اس پلیٹ فارم کے حوالے سے بہت کچھ سکھایا۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ باقاعدگی سے وی لاگز بنا رہی تھیں، تاہم آسٹریلیا کے دورے کے دوران مصروفیات کی وجہ سے یہ سلسلہ کچھ عرصے کے لیے رک گیا۔ اب انہوں نے دوبارہ وی لاگنگ شروع کر دی ہے اور کینیڈا کے آئندہ دورے کے دوران بھی وہاں سے وی لاگز شیئر کریں گی۔

یوٹیوب آمدنی سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ وہ ہر ماہ 10 ہزار ڈالر یا اس سے بھی زیادہ کماتی ہیں، لیکن یہ تاثر درست نہیں۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مبالغہ آرائی کی جاتی ہے جبکہ اصل آمدنی اس تصور سے کہیں کم ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی دیگر پیشہ ورانہ مصروفیات بھی ہوتی ہیں اور شوٹنگ کے سخت شیڈول کے ساتھ مستقل بنیادوں پر وی لاگنگ کرنا آسان کام نہیں۔ ان کے مطابق یوٹیوب پر کامیابی کے لیے مسلسل محنت، باقاعدگی اور معیاری مواد کی ضرورت ہوتی ہے، اسی لیے صرف یوٹیوب آمدنی کو دیکھ کر کسی کی مالی حالت کا اندازہ لگانا درست نہیں۔