بھارت کی ریاست ہریانہ کے ضلع گروگرام کے علاقے مانیسر میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ مل کر نئی نویلی دلہن کو قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 25 سالہ انکیت پر الزام ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو گولی مار کر قتل کیا۔ واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب مقتولہ کی والدہ نے 22 مئی کو پولیس اسٹیشن میں اپنی بیٹی کے شوہر اور سسرال والوں کے خلاف شکایت درج کروائی۔شکایت کنندہ کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی رواں سال فروری میں انکیت سے ہوئی تھی۔ کچھ عرصے بعد جب انہوں نے بیٹی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو کوئی جواب نہ ملا، جبکہ سسرال والوں کی جانب سے بھی تسلی بخش معلومات فراہم نہیں کی گئیں، جس پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔پولیس کے مطابق تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ انکیت نے مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ رجنی کے ساتھ مل کر بیوی کو قتل کیا، جبکہ مقتولہ کی لاش رجنی کے کرائے کے کمرے سے برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انکیت کی شادی کو صرف تین ماہ ہوئے تھے، جبکہ وہ گزشتہ تین برس سے رجنی کے ساتھ تعلق میں تھا۔پولیس کے مطابق واردات کے بعد دونوں ملزمان مبینہ طور پر نیپال فرار ہوگئے تھے، تاہم وطن واپس آتے ہی کرائم برانچ کی ٹیم نے انہیں گرفتار کر لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔