نوئیڈا: نئی نویلی دلہن کا ہنی مون کے بعد شوہر پر تشدد کا مقدمہ، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

نوئیڈا: نئی نویلی دلہن کا ہنی مون کے بعد شوہر پر تشدد کا مقدمہ، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

نوئیڈا: بھارتی شہر نوئیڈا میں 27 سالہ خاتون سچریتا ساہا نے اپنے شوہر ہرویندر چوہان کے خلاف شادی کے اگلے ہی روز سے مبینہ تشدد، گالم گلوچ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات پر مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ دونوں 4 مئی کو ہنی مون کے لیے روانہ ہوئے تھے، جہاں 9 مئی کو شوہر نے مبینہ طور پر ہوٹل کی سیڑھیوں سے دھکا دے دیا، جس کے نتیجے میں انہیں گھٹنوں، سر اور کمر پر شدید چوٹیں آئیں۔خاتون کے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق 10 مئی کو نوئیڈا واپس آنے کے بعد جب انہوں نے پولیس سے شکایت کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو شوہر نے مبینہ طور پر ان کا موبائل فون توڑ دیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں لاتیں، مکے اور تھپڑ مارے گئے جبکہ پولیس کے پاس جانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم اپنے والدین کے گھر دہلی چلا گیا، جبکہ متاثرہ خاتون نے اس کی غیر موجودگی میں 28 مئی کو باقاعدہ طور پر مقدمہ درج کروا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے شوہر ہرویندر چوہان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شواہد کی جانچ پڑتال کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔