ملک بھر میں سرکاری نرخوں کے برعکس ایل پی جی (مائع پیٹرولیم گیس) کی من مانی قیمتوں پر فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مختلف علاقوں میں ڈیلرز سرکاری قیمتوں کو نظر انداز کرتے ہوئے گیس مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم متعدد علاقوں میں یہی گیس 350 سے 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس سے صارفین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔صارفین کے مطابق کئی ڈیلرز سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہیں کرتے اور اپنی مرضی سے قیمتیں وصول کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث یہ صورتحال مسلسل برقرار ہے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی 241 روپے فی کلو سرکاری قیمت پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے ڈیلرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں بے جا اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے، خصوصاً متوسط اور کم آمدن والے طبقے کے لیے کھانا پکانے سمیت روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹوں میں باقاعدہ چیکنگ کا نظام مؤثر بنایا جائے، سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور ذخیرہ اندوزی یا ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔