بھارتی شہر ممبئی میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گزشتہ چار روز کے دوران 588 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ بارش سے متعلق مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
شدید بارش کے باعث شہر کا معمول کا نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، کئی مقامات پر درخت جڑوں سے اکھڑ کر گاڑیوں پر جا گرے، جبکہ خراب موسم کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور درجنوں دیگر کا رخ متبادل ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے لیے مزید موسلا دھار بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔دریں اثنا، پانی میں ڈوبے ریلوے ٹریک پر تیز رفتار ٹرین کے گزرنے سے کئی میٹر بلند پانی کی لہر بننے کی ویڈیو بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جسے صارفین کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب جنوبی چین میں بھی موسلا دھار بارشوں نے معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں۔ کئی شہروں میں سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں نقل و حمل کے لیے کشتیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔