سری لنکا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال نے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر کر دیے ہیں۔کولمبو حکام کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے واقعات میں کم از کم 46 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔سری لنکن ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پہاڑی علاقوں میں 25 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جہاں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں متعدد گھر ملبے تلے دب گئے۔ کئی مقامات پر ملبہ ہٹانے اور زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کا کام تاحال جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مسافر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بہت سے علاقوں میں ریل اور سڑک کے ذریعے رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔وسطی سری لنکا میں لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیاں تیز رفتاری سے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم خراب موسم اور مٹی کے تودوں نے امدادی کاموں میں مشکلات پیدا کر دی ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ متعدد مرکزی اور دیہی سڑکیں زیر آب آنے سے شہری شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پانی کے ذخائر اور دریا ابل پڑے ہیں اور ملک کے مختلف صوبوں کو ملانے والی کئی اہم شاہراہیں ڈوب گئی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی علاقے مکمل طور پر بیرونی دنیا سے کٹ گئے ہیں۔محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔