جاپان کے مشرقی علاقے چیبا میں ریکارڈ بارشوں کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی ہے، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور ایک شخص لاپتہ ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، جاپانی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دارالحکومت ٹوکیو سے قریب واقع چیبا میں 24 گھنٹوں کے دوران 367 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس شدید بارش کے سبب 25 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، خراب موسم کے باعث 7 ہزار سے زیادہ مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں، اور درجنوں ریل گاڑیاں منسوخ جبکہ مرکزی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔طوفانی بارش کے بعد مقامی حکام نے ہنگامی حالت کا ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے فوج کی مدد حاصل کر لی گئی ہے۔