عامر خان کا رینا دتہ سے علیحدگی کے بعد شدید جذباتی دباؤ کا شکار ہونے کا انکشاف

عامر خان کا رینا دتہ سے علیحدگی کے بعد شدید جذباتی دباؤ کا شکار ہونے کا انکشاف

بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک مشکل دور کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پہلی اہلیہ رینا دتہ سے علیحدگی کے بعد وہ شدید جذباتی دباؤ کا شکار ہو گئے تھے اور اس عرصے میں انہوں نے شراب نوشی کا سہارا لیا۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ وہ پہلے کبھی شراب نہیں پیتے تھے، لیکن جب رینا دتہ بچوں کے ساتھ گھر چھوڑ کر چلی گئیں تو وہ خود کو سنبھال نہ سکے۔ ان کے مطابق اسی رات انہوں نے پہلی بار باقاعدہ شراب پی۔عامر خان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک مسلسل شراب نوشی کرتے رہے اور اکثر رات کو ایک پوری بوتل تک پی جاتے تھے، جو ان کی زندگی میں ایک غیر معمولی بات تھی۔انہوں نے بتایا کہ علیحدگی کے بعد جذبات پر قابو پانا ان کے لیے بہت مشکل ہو گیا تھا اور وہ اس مشکل وقت سے گزرنے کے لیے غلط عادت کا شکار ہو گئے تھے۔

واضح رہے کہ عامر خان اور رینا دتہ نے 1986ء میں شادی کی تھی اور 2002ء میں دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔ ان کے دو بچے جنید خان اور آئرا خان ہیں۔بعد ازاں عامر خان نے 2005ء میں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم یہ رشتہ بھی 2021ء میں ختم ہو گیا، جبکہ دونوں اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔