پاکستان ، کشمیر یک جان دو قالب ، کشمیر ہماری شہ رگ ہے:عبدالعلیم خان

اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کا حق خود ارادیت ناقابل تنسیخ ہے‘جام کمال‘یوم حق خودارادیت پر پیغام
اسلام آباد(بیورو رپورٹ)صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر یک جان دو قالب اور بقول قائد اعظم یہ ہماری شہ رگ ہے،کشمیری بھائیوں کی آزادی اور خودمختاری کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کشمیر کے یوم حق خودارادیت پر پیغام میں وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے کہا کہ آج سے 76 سال قبل اقوام متحدہ کی قرارداد کے ذریعے کشمیریوں کو خود فیصلے کا حق ملا،76 برس بعد بھی اقوام متحدہ کی اپنی قرار داد پر عمل نہ ہونا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، آج بھی کشمیر کی وادی لہو لہو اور اپنے آزادی کے حق کے لئے سراپا احتجاج ہے، پاکستان اور کشمیر یک جان دو قالب اور بقول قائد اعظم یہ ہماری شہہ رگ ہے، کشمیری بھائیوں کی آزادی اور خودمختاری کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ادھرکشمیریوں کے یومِ حق خود ارادیت پر وزیر تجارت جام کمال خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کا حق خود ارادیت ناقابل تنسیخ ہے۔بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔عالمی برادری کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے کردار ادا کرے۔