مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل ناگزیر ہے، سپیکرقومی اسمبلی
اسلام آباد(بیورو رپورٹ )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کسی بھی قوم کا بنیادی حق ہے، کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے پر امن حل ناگزیر ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے اتوار 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حق خودارادیت کسی بھی قوم کا بنیادی حق ہے۔کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اس حق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں،یوم حق خودارادیت کشمیری عوام کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ اپنے ناقابل تنسیخ حق کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے پر امن حل ناگزیر ہے اقوام متحدہ کشمیر عوام کی حق خودارادیت سے متعلق قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک پاکستان تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔