نزلہ، زکام، کھانسی اور الرجی کے تین سیرپ کے 3 بیچز جعلی ، ادویات مختلف فارما کمپنیوں کے برانڈز کے ناموں پر تیار کی گئیں
لاہور(خصوصی رپورٹ )پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈا ئون کیا، اس دوران مختلف شہروں سے 11 جعلی ادویہ پکڑی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈرگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے صوبے بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈا ئون کرتے ہوئے مختلف شہروں سے گیارہ جعلی ادویات پکڑی ہیں اور ڈریپ نے ان گیارہ ادویات کے سیمپلز جعلی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی درخواست پر ری کال الرٹ جاری کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق جعلی ادویات مختلف فارما کمپنیوں کے برانڈز کے ناموں پر تیار کی گئی ہیں اور ان ادویہ کے پیکٹس پر کراچی، لاہور، سرگودھا، ٹیکسلا اور خطار کی فارما کمپنیوں کے پتے درج ہیں۔ ڈریپ کے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدید نمونیا، ناک اور گلے کے انفیکشن میں استعمال ہونے والی معروف برانڈ کی اینٹی بائیوٹک دوا نوویڈیٹ ٹیبلٹ کا ایک بیچ جعلی ہے۔ ایموکس نامی اینٹی بائیوٹک کیپسول کا بھی ایک بیچ جعلی ہے۔اس کے علاوہ نزلہ، زکام، کھانسی اور الرجی کے تین سیرپ کے 3 بیچز جعلی ہیں۔ ان میں کیرینول، ہسٹاکیئر اور ٹرائی لیک سیرپ شامل ہیں۔