لاہور ،قصور، اسلام آباد، اندرون سندھ میں کریک ڈائون ،کرن عرف بلیک اینجل،شوہر سمیت پکڑی گئی

 پنکی نیٹ ورک کا گھیرا تنگ،20ملزم گرفتار
گرفتار ملزم کے 6اکائونٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشز،غیر ملکیوں سے 80لاکھ کی منشیات خریدنے کے شواہد،بذریعہ ٹرین،بس سروس کوکین منتقل کرنیوالوں کی تلاش،لاہور گجر پورہ سے کارندہ 1100گرام منشیات سمیت گرفتار، مبینہ شوہر ناصر علی کے شناختی کارڈ کی کاپی منظرِ عام پر آگئی
کراچی،لاہور( کرائم رپورٹر)مبینہ کوکین ڈیلر پنکی کے نیٹ ورک کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں چھاپوں کے دوران پنکی کی قریبی ساتھی سمیت 20 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا جس میں کرن عرف بلیک ا ینجل اور اس کا شوہر بھی شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار کارروائیاں لاہور، قصور، اسلام آباد اور اندرون سندھ میں کئی گئیں۔ذرائع کے مطابق کرن عرف بلیک اینجل شوبز انڈسٹریز سے وابستہ افراد کو کوکین پہنچاتی تھی جس سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پنکی کے گرفتار اکائونٹنٹ کے مزید 6 اکائونٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں جبکہ منشیات کی خریداری کیلئے مختلف اوقات میں غیر ملکیوں کو منشیات کے عوض 80 لاکھ روپے بھیجنے کے شواہد بھی مل گئے۔دوسری جانب کراچی پولیس کی جانب سے دی گئی منشیات فروشوں کی فہرست آئی جی پنجاب کو دی گئی ہے جس کے بعد انمول پنکی کے ساتھیوں کیخلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کے ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کے انکشافات کے بعد لاہور میں موجود انمول پنکی کے ساتھیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ کراچی پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کی دی گئی فہرست میں خواتین کے نام بھی شامل ہیں جبکہ لاہور سے کراچی بذریعہ ٹرین، بسز کوکین منتقل کرنے والے رائیڈرز کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا نے ایس پی سی آر او کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ آدھر کوکین کوئین انمول پنکی کے خلاف لاہور میں پانچواں مقدمہ منظرعام پرآگیا ہے۔ پولیس کے مطابق گجر پورہ پولیس نے 2018 میں منشیات فروش نواز کو پکڑا جس کے قبضے سے 1100 گرام منشیات برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزم انمول عرف پنکی سے منشیات لے کر فروخت کرتا تھا اور انمول عرف پنکی ڈیفنس میں واقع اپنی رہائش گاہ سے منشیات فراہم کرتی تھی۔ اس سے قبل ملزمہ کیخلاف کوٹ لکھپت،وحدت کالونی ،لیاقت آباد،اقبال ٹائون اور گجر پورہ میں مقدمات سامنے آچکے تاہم پنجاب پولیس نے ایک بھی مقدمہ میں ملزمہ انمول پنکی کو گرفتار نہ کیا۔ تفتیشی ٹیم نے ملزمہ کو کسی مقدمے میں اشتہاری قرار نہیں دیا۔ منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کے پکڑے جانے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہیجبکہ اس کے مبینہ شوہر ناصر علی کے شناختی کارڈ کی کاپی بھی منظرِ عام پر آگئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کی مبینہ شادی ناصر علی نامی شخص سے ہوئی تھی، جو وزیر آباد، گوجرانوالہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے ناصر علی اپنی بیوی کے ساتھ مل کر آن لائن منشیات فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث تھا ملزمان مختلف رائیڈرز اور کورئیر سروسز کے ذریعے پارسل بک کروا کر لاہور کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے انمول عرف پنکی اور اس کا مبینہ شوہر شہر کے مختلف پوش علاقوں میں رہائش پذیر رہے اور وہیں سے اپنا نیٹ ورک چلاتے رہیذرائع کے مطابق او سی یو منشیات سیل اور پولیس کی جانب سے سخت کارروائیوں کے بعد ناصر علی کچھ عرصہ قبل بیرون ملک عمان فرار ہوگیا تھا، جبکہ انمول عرف پنکی لاہور میں منشیات سپلائی کے نیٹ ورک کو چلاتی رہی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں