بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے، بھکاری مافیا پاکستان کی شبیہ کو خراب کررہا،مفرور ایجنٹس کو گرفتار کیا جائے،وفاقی وزیر داخلہ
کراچی (خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حوالہ ہنڈی اور بھکاری مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔ایف آئی اے کراچی زون کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔وزیر داخلہ نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ مافیا کی سرکوبی کا بھی حکم دیااور کہا کہ بھکاری مافیا پاکستان کی شبیہ کو خراب کر رہا ہے۔انہوں نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے ، بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جعلی دواؤں کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، مکروہ دھندے میں ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ان لوگوں کی اصل جگہ جیل ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ 5 ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے کر جانے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔