حکومت نے ایسے ہی معاملات چلانے ہیں تو آئی ٹی سیکٹر پروفیشنلز کیا کریں گے،گفتگو
اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے نے انٹرنیٹ کی بندش پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے کون سے تھریٹ ہیں اور انٹرنیٹ کے ذریعے کون سے حملے ہورہے ہیں؟۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عجیب صورتحال ہے جب بھی احتجاج یا دھرنا ہوتا ہے انٹرنیٹ بند ہوجاتا ہے، چیئرمین پی ٹی اے کہتے ہیں وزارت داخلہ سے لیٹر آتا ہے انٹرنیٹ بند کردیتے ہیں، 2013 میں حالات کیسے تھے اس کے باوجود انٹرنیٹ بند نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگست 2023 سے قائمہ کمیٹی میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کا مسئلہ اٹھا رہے ہیں،حکومت نے کہا کہ انٹرنیٹ کیبل خراب تھی جبکہ حکومت نے حالیہ میٹنگ میں کہا کہ انٹرنیٹ خرابی کا مسئلہ حل ہوگیا ہے، یہ موقف اپنایا گیا کہ انٹرنیٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے جب کوئی مسئلہ ہی نہیں تو حکومت کس چیز کو حل کرنے میں لگی ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن ہے کہ آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ کو بڑھانا ہے، فائر وال لگا کر، انٹرنیٹ اسپیڈ کم کرکے آئی ٹی سیکٹر کو تباہ کررہے ہیں، المیہ یہ ہے حکومت کچھ ماننے کو تیار نہیں۔