نئے صوبوں کے معاملے کو پارلیمنٹ کے فورم پر لایا جائے جہاں اس کا حتمی فیصلہ ہونا ہے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ )پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہاہے کہ براہ راست عوام سے ووٹ لینا ہے تو عطا تارڑ ریفرنڈم کرالیں ملک کا وزیراعظم کون ہوگا۔ایک انٹرویو میں شرمیلا فاروقی نے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق مسلم لیگ ن کے بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کو ٹی وی شوز اور پریس کانفرنسز کے بجائے پارلیمنٹ کے فورم پر لایا جائے جہاں اس کا حتمی فیصلہ ہونا ہے۔شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا بھی یہی موقف ہے کہ نئے صوبوں کی بحث کو اس فورم پر لایا جائے جہاں فیصلہ ہونا ہے، اس وقت تمام تر بحث صرف پریس کانفرنسز اور ٹی وی پروگرامز تک محدود ہے۔پی پی رہنما نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ پیپلز پارٹی نے نہیں بلکہ مسلم لیگ ن نے اٹھایا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ اس پر پارلیمنٹ میں بحث کیوں نہیں کی جاتی؟۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل پر بات کرتی ہے، جبکہ مسلم لیگ ن نے کب عوامی مسائل پر بات کی؟۔ریفرنڈم سے متعلق وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کو مخاطب کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے کہا کہ اگر براہِ راست عوام سے ووٹ لینا ہے تو پھر اس بات پر بھی ریفرنڈم کرا لیں کہ ملک کا وزیرِاعظم کون ہوگا۔انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے اندر ریفرنڈم کی شق بالکل موجود ہے، تاہم جن معاملات پر آئین میں باقاعدہ طریقہ کار درج ہے، ان پر ریفرنڈم کرانے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔