ابھی تک مذاکرات بات چیت تک ہی محدود ،ہم مثبت پیش رفت کیلئے پرامید ہیں: خواجہ آصف

 مسلم لیگ( ن) ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہمیشہ مسائل کے حل اور مذاکرات کے لیے پرعزم رہی ہے،وزیردفاع کا انٹرویو
اسلام آباد(آئی این پی )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ابھی تک مذاکرات ٹھوس نتائج کے بغیر صرف بات چیت تک ہی محدود رہے ہیں، مسلم لیگ( ن) ایک سیاسی جماعت کے طور پر ہمیشہ مسائل کے حل اور مذاکرات کے لیے پرعزم رہی ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے مسلسل مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوری بالادستی کو فروغ دینے کے لیے ماضی میں بھی اس حوالہ سے متعدد کوششیں کی ہیں۔وزیر دفاع نے حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین جاری مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ابھی تک مذاکرات ٹھوس نتائج بغیر صرف بات چیت تک ہی محدود رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک ہفتے کا وقت دیا گیا ہے اور ہم مذاکرات میں مثبت پیش رفت کے لیے پرامید ہیں۔خواجہ محمد آصف نے علاقہ میں میں امن کے معاہدے کے بعد کرم میں حکومتی قافلے پر حالیہ فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی۔انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ایسے خطرات سے نمٹنے کے لیے صوبائی انتظامیہ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر اس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔