امید ہے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوگی:شہبازشریف ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کرینگے:آصف زرداری

شہباز شریف نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے والے حکومتی اتحاد میں اعجاز الحق اور خالد مگسی کو بھی شامل کردیا‘ ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے، قومی سلامتی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے:وزیراعظم کابیان
وزیراعظم کی صدر زرداری سے ملاقات‘ اسحاق ڈار ‘ محسن نقوی، فیصل کریم کنڈی، پرویز اشرف اور نوید قمر بھی موجود تھے‘پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر  بات چیت  ‘ تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ 

اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اتحاد کے ممبران پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی میں اراکینِ قومی اسمبلی اعجاز الحق اور سردار خالد مگسی کو شامل کردیا۔وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملک کی وسیع تر مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوگی۔وزیراعظم نے کہا  ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے، قومی سلامتی کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے صدر زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی، جس میں ملکی امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، پرویز اشرف اور نوید قمر بھی موجود تھے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صدر آصف زرداری کی صحت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی ، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی، صدر مملکت اور وزیراعظم نے ملکی ترقی کیلئے مل کر آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں قانون سازی کے امور پر بھی بات چیت کی، دونوں رہنماں نے قانونی امور پر تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کو ملکی ترقی اور استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔