سیاسی استحکام کیلئے بات چیت کو تیار ہیں، مذاکرات سے مسائل کاحل نکلے گا پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی

 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات  کی شفاف تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن ناگزیر ہے، بانی تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی اسیروں کو فوری رہا کیا جائے

بانی پی ٹی آئی چاہتے ہیں  ملک آگے چلے اور ترقی کرے،سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا‘استعفوں کیلئے دبائو اور چھاپوں کیخلاف اسمبلی میں احتجاج کرینگے: :اجلاس کا اعلامیہ
اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا  اجلاس  ہوا جس میں  پارلیمانی پارٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام اور ملکی ترقی کیلئے بات چیت کرنے کو تیار ہیں۔پارلیمانی پارٹی نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر فوری جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ بھی کیا ہے۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق دونوں واقعات کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن ناگزیر ہے، پارلیمانی پارٹی نے بانی تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی اسیران کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔پارلیمانی پارٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ  بانی تحریک انصاف نے مثبت سوچ کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی، بانی تحریک انصاف چاہتے ہیں کہ ملک آگے چلے اور ترقی کرے، ملکی ترقی کے لیے مذاکرات سے ہی مسائل کا حل نکلے گا۔اعلامیہ کے مطابق سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا ملک میں سیاسی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔