شہید بھٹو نے پاکستان کی تقدیر بدلی اور بے آوازوں کی آواز بنے،صدر آصف علی زرداری کا پیغام
ذوالفقار بھٹو کی جمہوریت کیلئے جدوجہد ہمیشہ مشعل راہ رہے گی، بلاول بھٹوزرداری،یوسف رضا گیلانی
کراچی؍ لاہور(آئی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ اتوار کو منائی گئی ۔ اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور کیک کاٹے گئے ۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی بدر کے دفتر میں تقریب میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات منور انجم، پنجاب پی ایس ایف کے صدر سہیل ملک، لاہور کے سابق ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سید واجد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں مقررین نے مرحوم وزیراعظم بھٹو کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے97 ویں یوم پیدائش کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ بھٹو شہید نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی، شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی،پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے۔صدر مملکت نے کہاہے کہ وژنری رہنما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے پاکستان کی تقدیر بدلی اور بے آوازوں کی آواز بنے۔ صدر مملکت نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بے مثال ذہانت، حوصلے اور کرشماتی شخصیت کے حامل سیاستدان تھے، انہوں نے ہمیں پہلا متفقہ طور پر منظور شدہ 1973 کا آئین دیا، پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی۔ ان کی قربانی نے شہید بھٹو کو مزاحمت اور استقامت کی شمع کے طور پر امر کر دیا، آئیے جمہوریت، مساوات اور سماجی و اقتصادی انصاف کے شہید بھٹو کے نظریات کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ہمیں ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے مشن کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے جہاں عوام کا راج ہو اور جہاں ہر شہری کو یکساں مواقع میسر ہوں۔دریں اثناء پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوریت، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔چیئرمین بلاول بھٹو نے قائدِ عوام بھٹو شہید کو ان کی 97 ویں سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک دوراندیش لیڈر اور جدید پاکستان کے معمار تھے، قائدِ عوام کی میراث آج بھی پاکستان کو ایک مضبوط اور مساوی معاشرے کی تعمیر کی راہ دکھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام نے اپنی زندگی عوام کو بااختیار بنانے اور ایک ترقی پسند و خود مختار ملک بنانے کے لیے وقف کر دی تھی، بھٹو شہید کی جمہوریت، انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ہم قائدِ عوام کی سالگرہ کے موقع پر یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کو جاری رکھیں گے، ہم ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جو فکرِ بھٹو کے تحت مساوات، سربلندی اور خوشحالی پر مبنی ہو، ہم قائدِ عوام کے خوابوں کے پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھی قائد عوام اور سابق وزیراعظم شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آئین دیا ، محروم طبقات کو بااختیار بنایا ، پاکستان کو عالمی سطح پر ایک الگ پہچان دی ،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو طاقت کا سر چشمہ قرار دیا ،ان کی مزدور اور غریب دوست پالیسیوں نیانہیں مقبول ترین رہنما بنایا۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عوامی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے ، ان کا سیاسی فلسفہ ہماری رہنمائی کررہا ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم رہنما تھے آج بھی عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں۔