کراچی چیمبر آف کامرس کے تحت ایکسپو سینٹر میں تین روزہ 21 ویں مائی کراچی نمائش کا آغاز ہو گیا، جس میں 300 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے حصہ لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نمائش کا افتتاح کیا، جس میں وزیر صنعت جام اکرام، معروف صنعت کار عارف حبیب، زبیر موتی والا اور مختلف ممالک کے سفارتکار بھی موجود تھے۔نمائش میں پاکستانی مصنوعات کو ترجیحی طور پر پیش کیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مائی کراچی نمائش شہر کے کاروبار، ثقافت اور کمیونٹی کی اہم تقریب بن چکی ہے۔ انہوں نے گل پلازہ سانحے کے متاثرین کو امدادی رقم اور متبادل دکانیں فراہم کرنے کے اقدامات بھی شیئر کیے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت اس سال 10 ارب روپے انڈسٹریل انفراسٹرکچر پر خرچ کرے گی، جبکہ 21 ارب روپے دیگر انفراسٹرکچرل بہتری کے لیے الگ رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کراچی کی تجارتی اہمیت، شہر کی سیکیورٹی، توانائی کے شعبے میں چیلنجز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے انفراسٹرکچر کی بہتری کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی کی ترقی میں تاجر برادری، حکومت اور شہریوں کا تعاون لازمی ہے، اور قانون کے مطابق ہر عمارت کا فائر آڈٹ لازمی ہے تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔