بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن ردّالفتنہ کے تحت علاقے میں سرگرم بدنام دہشتگرد گروہ نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سکیورٹی فورسز اور صوبائی قیادت کی کوششیں کامیاب ثابت ہو رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق میر آفتاب بگٹی کی کاوشوں کے نتیجے میں دہشتگردی، لوٹ مار اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر نے ریاستِ پاکستان کے سامنے سرنڈر کر دیا۔ اس سلسلے میں میراک خان چکرانی نے اپنے 25 ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیے۔حکام کا کہنا ہے کہ سرنڈر کرنے والا گروہ ماضی میں ڈکیتی، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ سرنڈر کے موقع پر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی جمع کرایا گیا۔
ذرائع کے مطابق میراک خان چکرانی نے شدت پسند عناصر کے خلاف چکرانی امن فورس میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ہے، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان کے قیام میں مدد فراہم کرنا ہے۔سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ردّالفتنہ کی مؤثر حکمت عملی کے باعث بلوچستان کے دیگر شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر بھی جلد ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال سکتے ہیں، جبکہ امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔