کچے کے علاقے میں امن کی نئی امید، بدنام زمانہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے پر رضامند

کچے کے علاقے میں امن کی نئی امید، بدنام زمانہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے پر رضامند

صوبہ سندھ کے کچے کے علاقے میں تبدیلی کی فضا پیدا ہو رہی ہے، جہاں بدنام زمانہ ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، سندھ کے کچے کے علاقوں میں پائیدار امن قائم کرنے کے لیے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایک تاریخ ساز پالیسی منظور کی ہے۔ اس اہم موقع پر محکمہ داخلہ سندھ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ بدنام زمانہ ڈاکو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔حکومت کی جانب سے اس علاقے کو خوشیوں کا نگر بنانے اور ترقی کا سفر شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں ڈاکوؤں کے لیے رضاکارانہ سرینڈر اسکیم کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت ہیڈ منی کے قریب 50 ڈاکو ہتھیار ڈالنے پر راضی ہوئے ہیں۔

کچے کا علاقہ برسوں سے خوف، جرائم اور بے یقینی کا مرکز رہا ہے، مگر اب یہ علاقہ امن، استحکام اور امید کی نئی پہچان بننے جا رہا ہے۔ یہ کامیابی سندھ پولیس کے عزم، قربانیوں اور قانون اور انصاف کے ساتھ کھڑے عوام کی حمایت کے سبب ممکن ہوئی ہے۔