3روزہ بسنت فیسٹیول چاند رات شروع ہوتے ہی لاہوریئے چھتوں پر چڑھ گئے‘لائٹس لگا کر پتنگ بازی

لاہور میں بسنت کے رنگ بکھر گئے،  خوشی، رنگوں اور جشن کا سماں ‘دوسرے شہروں سے بسنت منانے کیلئے لوگ لاہور پہنچ گئے‘مہمانوں کی خاطر تواضع کیلئے لذیذ کھانوں کی تیاری
 لاہور میں چوتھے روز ایک ارب 22 کروڑ سے زائد کی ڈور اور پتنگیں فروخت ہوئیں ‘10 لاکھ سے زائد گڈے‘ پتنگیں فروخت ہوئیں‘ 20 ہزار سے زائد پنے خریدے گئے
پتنگ بازی کا سامان وافر مقدار میں دستیاب ہے ،انتظامیہ پتنگوں کے ریٹ مقرر نہیں کرے گی‘  نرخ قابو میں رکھنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں:ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) علی اعجاز 
لاہور(شہزاد راجپوت‘)بسنت کے رنگوں اور خوشیوں بھرے تہوار کا آغاز ہوگیا ‘رات کے 12بجتے ہی لاہور کے شہری چھتوں پر چڑھ گئے اور بڑی لائٹس لگا کر پتنگیں اڑانا شروع کریں۔ رات کو پیچ لگائے گئے اور بوکاٹا کی آوازیں آتی رہیں‘لاہور میں آج سے اتوار تک تین روزہ بسنت فیسٹیول منایا جائے گا‘دوسرے شہروں سے بھی لوگ بسنت منانے کے لئے لاہور پہنچ چکے ہیں‘ رشتہ داروں اور دوست احباب کی خاطر تواضع کے لیے گھروں میں لذیذ کھانے بنانا کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مختلف علاقوں میں کباب، بریانی اور دیگر روایتی کھانوں کی خوشبوئیں پھیلی ہیں‘ پورا شہر بسنتی رنگ میں نہاتا دکھائی دے رہا ہے۔ گلیاں، بازار، شاہراہیں اور رہائشی علاقے زرد جھنڈیوں، رنگ برنگی پتنگوں اور بسنتی سجاوٹ سے آراستہ ہو چکے ہیں۔شہر کے قدیمی علاقوں سے لے کر جدید ہاؤسنگ سوسائٹیز تک بسنت کا جوش و خروش دیدنی ہے۔ اندرونِ شہر کے بازاروں میں پتنگوں، ڈوروں، بسنتی ملبوسات اور سجاوٹی اشیاء کی خریداری عروج پر ہے جبکہ انارکلی، اچھرہ، ہال روڈ اور لبرٹی مارکیٹ میں خریداروں کا رش معمول سے کہیں زیادہ نظر آ رہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق بسنت سے وابستہ اشیاء کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور کئی ہفتوں سے اس دن کی تیاری کی جا رہی تھی‘دریں اثناء کائٹ فلانگ ایسوسی ایشن کے لیگل ایڈوائرز ایڈووکیٹ ملک فیضان احمد نے کہا ہے  لاہور میں چوتھے روز ایک ارب 22 کروڑ سے زائد کی ڈور گڈی فروخت ہوئی جب کہ چوتھے روز پتنگوں کے ریٹ میں اضافے کے ساتھ دستیابی بھی رہی۔ملک فیضان احمد کے مطابق چوتھے روز مارکیٹس میں 10 لاکھ سے زائد گڈے پتنگیں فروخت ہوئیں جب کہ 20 ہزار سے زائد پنے فروخت ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیڈھ تاوا گڈا 700روپے ، ایک تاوا 400 روپے اور پونا تاوا 300 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے، دو پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار کا فروخت ہو رہا ہے‘ڈپٹی کمشنر لاہور   کیپٹن (ر) علی اعجاز نے  واضح کیا ہے  پتنگوں کے نرخ انتظامیہ مقرر نہیں کرے گی کیونکہ یہ بنیادی ضرورت نہیں تاہم نرخ قابو میں رکھنے کیلئے دیگر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ڈی سی لاہور کے مطابق دیگر شہروں سے پتنگیں منگوانے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ پنجاب کے چار اضلاع میں پتنگیں بنانے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے, اس فیصلے کے بعد پتنگ بازی کا سامان وافر مقدار میں دستیاب ہو گیا ہے اور نرخ کم ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔  بسنت کے موقع پر لبرٹی میں میوزیکل کنسرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں شہریوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں کیپٹن (ر) علی اعجاز نے اعلان کیا ہے کہ سیفٹی راڈز کے بغیر موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ جشن محفوظ ماحول میں منایا جا سکے۔