بالی ووڈ جنوبی بھارتی اداکاراؤں کے ساتھ فلمیں بنانے پر کیوں مجبور؟

بالی ووڈ جنوبی بھارتی اداکاراؤں کے ساتھ فلمیں بنانے پر کیوں مجبور؟

حالیہ برسوں میں بالی ووڈ میں جنوبی بھارتی اداکاروں کا بڑھتا ہوا رجحان ایک اہم تبدیلی کو ظاہر کرتا ہے۔

جہاں پہلے جنوبی بھارتی فلموں کا ری میک ہی بالی ووڈ تک محدود تھا، اب جنوبی بھارتی اداکاروں نے بھی بالی ووڈ میں قدم جما لیا ہے۔ سمانتھا، نیانتھرا، رشمیکا مندنا اور پرابھاس جیسے اداکاروں کی بڑھتی ہوئی موجودگی سے نہ صرف فلم انڈسٹری میں نیا رنگ آیا ہے بلکہ بالی ووڈ کے لیے بھی یہ ایک چیلنج بن گیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، یہ رجحان بالی ووڈ کے اداکاروں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہا ہے کیونکہ ان کے سامنے اب جنوبی بھارتی اداکاروں کی شکل میں سخت مقابلہ ہے، جو اپنی پرفارمنس اور صلاحیتوں کے لحاظ سے تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔ جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری، خاص طور پر تیلگو اور تمل انڈسٹریز، نہ صرف فلمسازی کے لحاظ سے منظم ہیں بلکہ ان کے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کا طریقہ کار بھی بہت مؤثر ہے۔ این ٹی آر جونیئر جیسے اداکاروں نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ جنوبی بھارتی فلموں میں کام کا معیار اور وقت کی پابندی بہت اہمیت رکھتی ہے، جس کی وجہ سے فلموں کے فائنل پرنٹس بھی آخری لمحے تک تیار کیے جاتے ہیں۔

نینتھرا، جو ’جوان‘ میں اپنی شمولیت کے بعد بالی ووڈ میں کامیاب ہوئیں، نے اس بات کا ذکر کیا کہ شاہ رخ خان نے ان کے لیے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے دروازے کھولے۔ نینتھرا کا کہنا ہے کہ انہوں نے شاہ رخ خان سے محبت کی وجہ سے ’جوان‘ میں کام کیا اور یہ ان کے لیے ایک خاص تجربہ تھا۔پرابھاس اور رانا دگوبتی جیسے اداکاروں کی فلم ’باہوبلی‘ نے نہ صرف ان کی شہرت میں اضافہ کیا بلکہ بھارتی سنیما کے تصور کو بھی بدل دیا۔ رانا دگوبتی نے اس بات کا ذکر کیا کہ انہیں ممبئی میں یہ سمجھانے میں وقت لگا کہ وہ چنئی سے نہیں بلکہ حیدرآباد سے ہیں، کیونکہ لوگوں کو جنوبی بھارت اور ہندی سنیما کے درمیان فرق کا علم نہیں تھا۔

‘باہوبلی’ اور ’غازی‘ جیسی فلموں نے جنوبی بھارتی اداکاروں کے لیے بالی ووڈ کے دروازے کھول دیے اور دونوں انڈسٹریز کے درمیان رکاوٹیں ختم کر دیں۔ اس کے بعد جنوبی بھارتی اداکاروں کو بالی ووڈ میں مرکزی کرداروں کی پیشکشیں ملنے لگیں۔ سوشل میڈیا کی مدد سے بھی ان اداکاروں کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا، اور اب وہ بھارتی سنیما کے اہم حصے بن چکے ہیں۔