فواد خان نے بالی ووڈ اداکاراؤں کے ساتھ کام کو خوشگوار تجربہ قرار دے دیا

فواد خان نے بالی ووڈ اداکاراؤں کے ساتھ کام کو خوشگوار تجربہ قرار دے دیا

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف اداکار فواد خان کی نئی بالی ووڈ فلم ’ابیر گلال‘ جلد ریلیز ہونے والی ہے جس میں وہ بھارتی اداکارہ وانی کپور کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

 تاہم، بھارت میں حالیہ پہلگام واقعے کے بعد اس فلم کا بائیکاٹ شروع ہونے سے اس کی ریلیز کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔فواد خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں ان بالی ووڈ اداکاراؤں کے ساتھ کام کے تجربات پر روشنی ڈالی جن کے ساتھ وہ مختلف فلموں میں اسکرین شیئر کر چکے ہیں۔ ان میں سونم کپور، عالیہ بھٹ، انوشکا شرما اور وانی کپور شامل ہیں۔

سونم کپور:
فواد خان نے سونم کو صاف گو اور نیک دل شخصیت قرار دیا۔ ان کے مطابق، سونم کپور ہر بات دل سے اور کھل کر کہنے والی فنکارہ ہیں جو دوسروں کے لیے ہمدردی رکھتی ہیں۔

عالیہ بھٹ اور انوشکا شرما:
عالیہ اور انوشکا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ دونوں فنکارائیں زبردست توانائی اور جوش سے بھرپور ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ لگن اور جذباتی وابستگی انہیں نہایت منفرد بناتی ہے۔

وانی کپور:
فواد خان نے وانی کپور کو بہترین اداکارہ قرار دیا اور کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنا ایک خوشگوار تجربہ رہا۔ انہوں نے وانی کے فن اور خلوص کو سراہا اور کہا کہ ان کی موجودگی فلم میں ایک خاص جاذبیت پیدا کرتی ہے۔یاد رہے کہ فواد خان بھارت میں ’خوبصورت‘، ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ جیسی فلموں میں بھی کام کر چکے ہیں جنہیں شائقین نے خوب سراہا تھا۔ تاہم حالیہ سیاسی کشیدگی کے باعث ان کی نئی فلم ’ابیر گلال‘ کی بھارت میں ریلیز کے امکانات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں۔