صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
یہ ملاقات چین کے دارالحکومت بیجنگ میں گریٹ ہال آف دی پیپلز میں ہوئی، جس میں پاک چین اقتصادی راہداری (CPEC) کے دوسرے مرحلے پر تفصیل سے بات کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے کئی اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جن میں قابل تجدید توانائی، سائنس و ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور زرعی شعبہ شامل ہیں۔ملاقات میں اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے نجی شعبے اور کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید بڑھایا جائے تاکہ اقتصادی تعاون میں اضافہ ہو سکے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان قائم "آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ" کو سراہا اور چین کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے ترقیاتی ایجنڈے کے لئے چین کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ سی پیک منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی صدر آصف علی زرداری کے ہمراہ موجود تھے، جنہوں نے اس ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے بات کی۔