ویب ڈیسک : صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر آصف علی زرداری نے سیکریٹری جنرل کو مسلم امہ میں اتحاد، اعتدال اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف مسلم ورلڈ لیگ کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ صدر نے اسلام آباد میں مسلم ورلڈ لیگ کی میزبانی میں ہونے والی لڑکیوں کی تعلیم پر بین الاقوامی کانفرنس کو قابل تعریف اقدام قرار دیا۔انہوں نے سیرت النبی ﷺ میوزیم، پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے مشترکہ احترام اور عقیدت کی علامت ہے، بتایا کہ پاکستان اور مسلم ورلڈ لیگ کے درمیان مجوزہ معاہدہ صحت، تعلیم اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کے لیے اہم ہے۔صدر زرداری نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور مطالبہ کیا کہ امن کے لیے پائیدار جنگ بندی، اسرائیلی انخلا اور غزہ کی تعمیرنو کو یقینی بنایا جائے۔
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد کے دورہ پاکستان سے دو طرفہ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ صدر نے مسلم ورلڈ لیگ کو امت مسلمہ کے اتحاد، مکالمہ، رواداری اور انسانیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر بھی سراہا۔سائڈ لائن پر مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان سعودی عوام کے دلوں میں خاص مقام رکھتا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوستی کو سعودی عرب کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ڈاکٹر العیسیٰ نے صدر زرداری کے سیاسی سفر کو قابلِ تحسین اور متاثرکن قرار دیا اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی زندگی کو مشعل راہ بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدہ باہمی اعتماد اور تعلقات کا مظہر ہے۔