کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں رہائش پذیر محنت کش شہری راز محمد کے گھر خوشیوں کے چراغ روشن ہوگئے، جہاں ایک نجی اسپتال میں چار بچوں— تین بیٹے اور ایک بیٹی— کی پیدائش ہوئی ہے۔
اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ اہلِ محلہ نے بھی اس خوشی اور خیر و برکت پر دلی مسرت کا اظہار کیا ہے۔راز محمد پیشے کے اعتبار سے فروٹ کی ریڑھی لگاتے ہیں اور روزانہ کی محنت مزدوری سے اپنے اہلِ خانہ کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔ ان کے پہلے سے دو بچے تھے، اور اب چار نئے بچوں کی آمد کے بعد خاندان کی مجموعی تعداد چھ ہو گئی ہے۔چار بچوں کی پیدائش جہاں خوشی کا باعث بنی ہے، وہیں والدین کی ذمہ داریاں بھی کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ محدود آمدنی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث بچوں کی پرورش اور کفالت ان کے لیے بڑا چیلنج بن گئی ہے۔انہی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے راز محمد نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی مالی معاونت کریں تاکہ وہ اپنے بچوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکیں۔