ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے نیا اور دلچسپ فیچر "نیئر بائی فیڈ" متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنے اردگرد موجود مقامات اور مقامی سرگرمیوں کے بارے میں جان سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کا مقصد صارفین کو اپنے قریب موجود نئی جگہوں کو دریافت کرنے اور مقامی مواد تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔ یہ فیچر فی الحال برطانیہ، فرانس، اٹلی اور جرمنی میں متعارف کرایا گیا ہے۔ٹک ٹاک نے اس فیڈ کی ابتدائی آزمائش 2022 میں جنوب مشرقی ایشیا میں محدود صارفین کے لیے کی تھی، تاہم بعد میں اس پر کام روک دیا گیا۔ اب اسے دوبارہ فعال کر کے چند ممالک میں جاری کر دیا گیا ہے۔ کمپنی نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ نیئر بائی فیڈ میں صارفین کو ان کی لوکیشن، مواد کے موضوع اور مواد کے پوسٹ ہونے کے وقت کے مطابق ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔اس فیچر کے ذریعے صارفین سیاحت، ایونٹس اور فوڈ سے متعلق مقامی مواد زیادہ آسانی سے دیکھ سکیں گے، جبکہ ویڈیوز پوسٹ کرنے والوں کو بھی اپنے شہر یا خطے کے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کا موقع ملے گا۔
کمپنی کے مطابق لوکیشن شیئر کرنا مکمل طور پر اختیاری ہوگا اور یہ آپشن صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے دستیاب ہے۔ لوکیشن آن کرنے پر ایپ ڈیوائس کی GPS لوکیشن استعمال کرے گی تاکہ صارف کو اس کے علاقے کے مطابق مواد دکھایا جا سکے۔ٹک ٹاک نے واضح کیا کہ 18 سال سے کم عمر صارفین کی ویڈیوز نیئر بائی فیڈ میں نظر نہیں آئیں گی۔ اسی طرح پرائیویٹ اکاؤنٹس یا وہ ویڈیوز جو "فرینڈز" یا "اونلی یو" پر سیٹ ہوں، اس فیڈ میں شامل نہیں ہوں گی۔اگر کوئی صارف کسی دوسرے شہر یا خطے کے نیئر بائی مواد دیکھنا چاہے تو وہ لوکیشن نیم میں جا کر اپنی لوکیشن تبدیل کر سکتا ہے۔