عاصم اظہر نے ویرات کوہلی سے ملاقات کا دلچسپ اور یادگار واقعہ شیئر کیا

عاصم اظہر نے ویرات کوہلی سے ملاقات کا دلچسپ اور یادگار واقعہ شیئر کیا

پاکستان کے  گلوکار عاصم اظہر نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے ملاقات اور 2022ء ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ان کی یادگار اننگز سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے ہیں۔  
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم اظہر نے بتایا کہ وہ مین میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سنسنی خیز میچ کے اگلے دن ویرات کوہلی سے ملنے گئے تھے۔  انہوں نے کہا کہ اس دن کا لمحہ ان کے لیے ناقابلِ یقین تھا، کیونکہ اس میچ میں پاکستان تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے تک جیت رہا تھا اور اچانک ایک شخص اکیلا میچ چھین لے گیا۔  عاصم اظہر کے مطابق، جب وہ ویرات کوہلی سے ملے، تو کوہلی نے بھی یہی کہا کہ انہیں ابھی تک سمجھ نہیں آیا کہ وہ سب کیسے ہو گیا۔  گلوکار نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وہ زیادہ بات نہ کر سکے کیونکہ ان کا ذہن بالکل خالی ہو گیا تھا، اور یہ فطری بات ہے کہ آپ کسی ایسے سپر اسٹار سے ملیں جنہیں آپ بہت پسند کرتے ہوں۔  
انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی پاکستانی کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ کے بڑے مداح ہیں، اور انہیں بابر اعظم کی بیٹنگ بہت پسند ہے، جس کا اظہار وہ کئی بار کر چکے ہیں۔  عاصم اظہر کے مطابق، ملاقات کے اختتام پر ویرات کوہلی نے انہیں اپنی دستخط شدہ شرٹ تحفے میں دی۔  بعد ازاں، عاصم اظہر نے سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ہمیشہ آپ کی کرکٹ کا مداح تھا، لیکن اب آپ کی شخصیت کا بھی اس سے بڑا مداح ہوں۔ انہوں نے ویرات کوہلی کا شکریہ ادا کیا۔