سیشن عدالت لاہور میں رجب بٹ کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج شفقت شہباز راجہ نے کی۔
سماعت کے دوران نیشنل کرائم ایجنسی نے عدالتی حکم پر ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے اس سے قبل 26 اگست کو حتمی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ رجب بٹ کے خلاف اندراج مقدمے کی متعدد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ درخواست گزار شہزادہ عدنان کے وکیل محمد مدثر چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ رجب بٹ نے اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز میں توہین آمیز کلمات ادا کیے، جو قابل گرفت اور ناقابل برداشت ہیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی کو حکم دیا جائے کہ رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے تاکہ اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ عدالت نے نیشنل کرائم ایجنسی سے حتمی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔