بھارتی اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکنِ پارلیمنٹ روی کشن ایک بار پھر اپنے منفرد اندازِ گفتگو اور دلچسپ جملوں کے باعث سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔
روی کشن، جو اتر پردیش کے شہر گورکھپور سے رکنِ پارلیمنٹ ہیں، تین دہائیوں سے زائد عرصے سے بھوجپوری، ہندی، تیلگو، کنڑ اور تامل فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔ نئی نسل انہیں ان کی وائرل ویڈیوز اور انٹرنیٹ میمز کی وجہ سے بھی خوب پہچانتی ہے۔حالیہ دنوں روی کشن کی متعدد ویڈیوز اور بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ صارفین ان کے اندازِ گفتگو، چہرے کے تاثرات اور زبان پھسلنے کے واقعات کو مزاحیہ انداز میں مختلف کیپشنز اور آڈیوز کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، جبکہ ان کی عوامی سرگرمیوں سے نئے کلپس بھی مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔
وائرل میمز
’مون ورت‘:
پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے دوران صحافیوں نے جب روی کشن سے گفتگو کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ "مون ورت" (خاموشی کے روزے) پر ہیں، مگر چند لمحوں بعد ہی میڈیا سے بات کرنا شروع کر دی۔ اس ویڈیو پر صارفین نے بڑی تعداد میں میمز اور ری ایکشن ویڈیوز بنائیں۔
’ہوم فرام ورک‘:
ایندھن کی بچت پر گفتگو کرتے ہوئے روی کشن نے غلطی سے "ورک فرام ہوم" کے بجائے "ہوم فرام ورک" کہہ دیا، جس کے بعد یہ جملہ بھی انٹرنیٹ پر وائرل میم بن گیا۔
’جلدی دی لیٹ‘:
ان کا ایک اور جملہ "جلدی دی لیٹ" بھی ماضی میں سوشل میڈیا پر خاصا مقبول رہا اور صارفین نے اسے مختلف مزاحیہ ویڈیوز میں استعمال کیا۔
’نیٹ اخبار‘:
ایک اور تقریب کے دوران نیٹ امتحان پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے "نیٹ اخبار" کہہ دیا، جس کے بعد یہ کلپ بھی وائرل ہو گیا اور اس پر بے شمار میمز بنیں۔
روی کشن کا ردعمل
روی کشن اس سے قبل بھی اپنے وائرل کلپس پر ردعمل دے چکے ہیں۔ "ہوم فرام ورک" کے حوالے سے انہوں نے کہا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ ان کی زبان پھسلنے والی باتیں اتنی زیادہ وائرل کیوں ہو جاتی ہیں، کیونکہ غلطی کرنا انسان کی فطرت ہے۔حالیہ میمز پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "تعریف اور تنقید دونوں عارضی ہوتی ہیں، اس لیے میں ان چیزوں کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔"