حملے کی منصوبہ بندی ملاقاتوں کے ذریعے کی گئی، عالمی جریدوں میں انٹرویو اور مضامین بھی ملاقاتوں کے ذریعے ہی چھپے ‘ سی ڈی ایف کی تعیناتی دوبارہ 5 سال کیلئے کی جاسکتی ہے
بانی جیل میں سیاسی ہدایات دے رہے ہیں، ایسی ملاقاتیں جن سے ریاستی امن و امان متاثر ہو، ان کی اجازت نہیں دی جا سکتی:انٹرویو اور سینیٹ میں اظہار خیال
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے 26 نومبر کو اسلام آباد پر حملے کی منصوبہ بندی جیل میں بانی پی ٹی آئی نے کی تھی،حملے کی منصوبہ بندی ملاقاتوں کے ذریعے ہی کی گئی تھی، عالمی جریدوں میں انٹرویو اور مضامین ملاقاتوں کے ذریعے ہی چھپے تھے، جو جج حکومت کے خلاف فیصلہ نہ دیں ، کیا انہوں نے سمجھوتہ کیا ہوا ہے؟۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے 64 سال عمر کی حد اب مقرر نہیں، آرمی چیف کو 5 سال کیلئے تعینات کیا جائے گا اور اس کے بعد مدت ملازمت میں توسیع ہوگی یا فریش تقرری کی جائے گی۔ اب آئین میں آرمی چیف کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ مقرر نہیں، 5سال بعد دوبارہ بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔ سی ڈی ایف کی تعیناتی دوبارہ پانچ سال کیلئے بھی کی جاسکتی ہے‘دریں اثناء سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے ایک بارپھر اپوزیشن کومذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہاہے کہ جمہوریت ہمیشہ مذاکرات سے آگے بڑھتی ہے، ڈیڈلاک اسے کمزور کرتا ہے، مذاکرات کا راستہ آج بھی کھلا ہے، ہمارا اصولی موقف ہے کہ جیل میں تمام ملاقاتیں قانون کے مطابق ہونی چاہئیں، ایسی ملاقاتیں جن سے ریاستی امن و امان متاثر ہو، ان کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے جیل ملاقاتوں کے حوالے سے کہا کہ یہ مکمل طور پر قانون اور انصاف کے مطابق ہوتی ہیں اور قانون کسی قیدی کو یہ اجازت نہیں دیتا کہ وہ جیل میں بیٹھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرے۔